بھارت: باپ جاں بحق، بھوک سے نڈھال ذہنی معذور بیٹی گھر سے زندہ برآمد
https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2025-12-30/1542263_2919711_News1_updates.jpgکولاج بشکریہ بھارتی میڈیابھارتی ریاست اتر پردیش سے ایک ریٹائرڈ ریلوے ملازم اور اس کی ذہنی معذور بیٹی کو مبینہ طور پر پانچ سال تک قید میں رکھنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے میں باپ کی موت واقع ہو گئی جبکہ بیٹی انتہائی کمزور حالت میں گھر سے ملی ہے۔
متوفی کی شناخت 70 سالہ اوم پرکاش سنگھ راٹھور کے نام سے ہوئی ہے جو ریلوے میں سینئر کلرک کے عہدے سے ریٹائر ہوا تھا جبکہ اس کی 27 سالہ بیٹی راشمی ذہنی طور پر معذور ہے۔
اوم پرکاش کی اہلیہ کے انتقال کے بعد سال 2016ء میں باپ اور بیٹی ایک الگ مکان میں رہنے لگے تھے، اپنی بیٹی کی دیکھ بھال کے لیے اوم نے دو ملازمین بھی رکھے۔
اوم پرکاش کے بھائی امر سنگھ کا الزام ہے کہ ملازمین نے پورے گھر پر قبضہ کر لیا تھا۔ باپ اور بیٹی کو کمروں میں قید رکھا جبکہ ملازمین خود آرام دہ زندگی گزارتے رہے۔
اوم پرکاش اور اس کی بیٹی کو کھانے پینے اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا، جب بھی کوئی رشتہ دار ملنے آتا تو ملازمین بہانے بنا کر واپس بھیج دیتے۔
پیر کے روز جب اوم پرکاش کی موت کی خبر خاندان کو ملی تو رشتہ دار گھر پہنچے جہاں منظر انتہائی خوفناک دکھائی دیا۔
اوم پرکاش کی لاش انتہائی کمزور حالت میں گھر کے ایک اندرونی کمرے میں پڑی تھی جبکہ راشمی کو ایک اندھیرے کمرے میں برہنہ اور نہایت نڈھال حالت میں پایا گیا۔
رشتہ داروں کے مطابق بھوک کی وجہ سےراشمی کا جسم ایک ضعیف شخص جیسا ہو چکا تھا جس کی ہڈیاں نمایاں تھیں۔
ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچانے پر اوم پرکاش کو مردہ قرار دیا جبکہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
اوم پرکاش کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک باوقار زندگی گزارنے والے انسان تھے جو ہمیشہ صاف ستھرے کپڑوں میں نظر آتے تھے۔
فی الحال راشمی کو خاندان کی نگرانی میں رکھا گیا ہے جبکہ اہل خانہ نے ملزمان کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Pages:
[1]