بوڈاپسٹ: پاکستانی سفارتخانے کی شاندار آرٹ نمائش کا انعقاد
https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2025-10-14/1519502_9095814_bodapist-exhibition_updates.jpgپاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ میں نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کے تعاون سے ایک شاندار آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش کا عنوان ’Allure of the East: Interpreting Tradition‘ تھا، جس کی افتتاحی تقریب 13 اکتوبر 2025ء کو منعقد ہوئی۔
نمائش میں 20 پاکستانی فنکاروں کے فن پارے پیش کیے گئے، جنہوں نے مشرقی روایات اور جدید فنونِ لطیفہ کے امتزاج کو نمایاں انداز میں اجاگر کیا۔
سندس اظفر نے نمائش کی کیوریٹر کے طور پر فرائض انجام دیے، جبکہ ہنگری کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر شاندور فازیکاس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2025-10-14/1519502_7645307_bodapist-exhibition1_updates.jpg
افتتاحی تقریب میں ہنگری میں پاکستانی سفیر آصف حسین میمن نے اپنے خطاب میں نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ثقافتی روابط ان تعلقات سے بھی کہیں پہلے کے ہیں۔
سفیر نے علامہ اقبال کی نظم اور فیض احمد فیض کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ادب اور فن، اقوام کے درمیان قربت بڑھانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔
نیشنل لائبریری کی ڈائریکٹر جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان تعاون، مکالمے اور باہمی احترام کی علامت ہے۔https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2025-10-14/1519502_2064076_bodapist-exhibition2_updates.jpg
کیوریٹر مس سندس اظفر نے بتایا کہ نمائش میں شامل فن پارے اس بات کا اظہار ہیں کہ کس طرح روایت ایک قومی شناخت کی تشکیل میں کردار ادا کرتی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر ہنگیرین نیشنل اسمبلی ڈاکٹر شاندور فازیکاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ہنگری نے 1965ء میں سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، جو وقت کے ساتھ مختلف شعبوں، سیاسی، معاشی، تعلیمی اور ثقافتی میدانوں میں مضبوط ہوتے گئے ہیں۔
انہوں نے ہنگری کی آئل اینڈ گیس کمپنی MOL کے پاکستان میں کردار اور تعلیمی وظائف کے پروگرام کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا اہم جزو قرار دیا۔
یہ بوڈاپسٹ میں پاکستانی سفارت خانے کی دوسری آرٹ نمائش تھی، پہلی نمائش ستمبر 2023ء میں منعقد ہوئی تھی، جبکہ موجودہ نمائش 22 اکتوبر 2025ء تک جاری رہے گی۔ https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2025-10-14/1519502_965905_bodapist-exhibition3_updates.jpg
یہ نمائش ناصرف پاکستانی فنکاروں کے تخلیقی اظہار کو عالمی سطح پر اجاگر کرتی ہے بلکہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنانے میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔
Pages:
[1]