برطانیہ میں ’بلڈ رین‘ کا امکان، ماہرین نے وجہ بتا دی
https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2026-02-24/1559474_4838676_4_updates.jpg—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
یورپی ماحولیاتی ادارے CAMS کے سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں ’بلڈ رین‘ یعنی سرخ بارش کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں برطانیہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں اور بعض مقامات پر رواں سال تقریباً روزانہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صحرائے اعظم (صحارا) سے اٹھنے والی سرخ گرد کی ایک بڑی تہہ یورپ سے ہوتی ہوئی برطانیہ کی جانب بڑھ رہی ہے، یہ سرخ گرد جب برطانیہ کی جاری بارشوں کے ساتھ ملے گی تو بارش کا رنگ سرخ دکھائی دے گا، جسے عام طور پر ’بلڈ رین‘ کہا جاتا ہے۔
اگرچہ اس نام سے یہ منظر خوفناک محسوس ہو سکتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ بارش انسانی صحت کے لیے مضر نہیں ہوتی، اس کے نتیجے میں گاڑیوں اور کھلی سطحوں پر باریک سرخ مٹی کی تہہ جم سکتی ہے۔ https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2018-07-05/516482_070337_updates.jpg
سائبیریا میں سرخ رنگ کی بارش
یہ کسی فلم کا منظر نہیں بلکہ حقیقی نظارہ ہے جس میں... https://jang.com.pk/assets/front/images/jang-icons/16x16.png
سینئر سائنسدان مارک پیرنگٹن کے مطابق یہ سرخ گرد زیادہ تر جنوبی انگلینڈ کے اوپر بلند فضاؤں میں گزرے گی، امکان ہے کہ یہ منگل تک برطانیہ پہنچ جائے گی اور دوپہر کے وقت تقریباً 2 گھنٹے تک یہ کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق اس گرد کا سبب افریقا کے علاقوں میں موسمی حیاتیاتی ایندھن (بایو ماس) کو جلانے کا عمل بھی ہو سکتا ہے، جس سے فضا میں دھواں اور ذرات بلند ہو جاتے ہیں۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ صحرا میں چلنے والی تیز ہوائیں گرد کو فضا کی بالائی تہوں تک پہنچا دیتی ہیں اور اگر بالائی فضاؤں میں ہوائیں شمال کی جانب چل رہی ہوں تو یہ ذرات ہزاروں کلو میٹر کا سفر طے کرتے ہوئے برطانیہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
دوسری جانب برطانوی میٹ آفس نے بھی تصدیق کی ہے کہ برطانیہ میں بارشوں کا سلسلہ مارچ کے وسط تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
Pages:
[1]