|
|
فائل فوٹو
نیند کی ایک سادہ سی غلطی دل کی بیماری کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھا سکتی ہے، کیا آپ اس خطرے سے واقف ہیں؟
کیا آپ رات کو سوتے وقت ٹی وی آن رکھتے ہیں؟ یا نیند کے دوران آپ کے کمرے کی لائٹ آن رہتی ہے؟ آپ کا یہ اقدام دل کی سنگین بیماریوں کے خطرے میں نمایاں اضافہ کرسکتا ہے۔
امریکی اور آسٹریلوی ماہرین کی حالیہ سائنسی تحقیق کے مطابق رات کے وقت روشنی میں سونا دل کی سنگین بیماریوں کے خطرے میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔
سائنسی جرنل میں شائع رپورٹ کے مطابق ماہرین نے تقریباً 90 ہزار برطانوی افراد پر کی گئی طویل المدتی تحقیق میں معلوم کیا کہ رات کی روشنی جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی کو متاثر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں دل کی بیماریوں، دل کے دورے، ہارٹ فیلئر اور فالج جیسے مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق یہ خطرہ نیند کے دورانیے یا معیار سے قطع نظر موجود رہا، رات کے وقت غیر ضروری روشنی سے بچاؤ ایک سادہ مگر مؤثر حکمتِ عملی ہے، جس کے کوئی منفی اثرات نہیں اور یہ دل کی صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق زیادہ روشنی میں سونے والوں میں ہارٹ فیلئر کا خطرہ 56 فیصد اور دل کے دورے کا خطرہ 47 فیصد زیادہ پایا گیا، اس اقدام سے کورونری آرٹری ڈیزیز اور فالج کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق خواتین میں رات کی روشنی کے منفی اثرات مردوں کے مقابلے میں زیادہ دیکھے گئے، رات کو مکمل اندھیرا ضروری نہیں، مگر روشنی کم ہونی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق بے خوابی عام مسئلہ ہے، مگر زیادہ تر افراد اس کے لیے طبی مدد حاصل نہیں کرتے، رات کی روشنی سے پرہیز ایک آسان اور محفوظ طریقہ ہے، جو دل کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ |
|