|
امریکا کی جانب سے چینی کمپنیوں کو اینٹیٹی لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے پر چین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ اس اقدام کی سخت مخالفت کرتا ہے.
چینی وزارتِ تجارت کے مطابق امریکا کے یہ اقدامات کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور واشنگٹن کو چاہیے کہ وہ اپنے غلط اقدامات کو درست کرے۔
چینی وزارت نے کہا کہ چین اپنے اداروں کے قانونی حقوق کے تحفظ کےلیے ضروری اقدامات کرے گا۔
دوسری طرف چین نے امریکی جہازوں پر اضافی پورٹ فیس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق 14 اکتوبر سے امریکی ملکیت، زیرِ انتظام یا امریکی پرچم بردار جہازوں پر اضافی پورٹ فیس عائد کی جائے گی، یہ اقدام امریکا کے اُس فیصلے کے جواب میں ہے، جس کے تحت چینی جہازوں پر امریکی بندرگاہوں پر نئی فیسیں لگائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے چینی ایئر لائنز کو امریکا آنے اور جانے والی پروازوں میں روسی فضائی حدود کے استعمال سے روکنے کی تجویز پیش کی ہے۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق چینی ایئر لائنز روسی فضائی حدود استعمال کرکے پرواز کا وقت اور ایندھن کی لاگت کم کرتی ہیں، جس سے امریکی کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
اس مجوزہ اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ چینی ایئر لائنز پر پابندیاں عوام سے عوام کے درمیان روابط کے لیے سازگار نہیں ہیں۔ |
|