باصلاحیت اور اسٹائلش پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ نعیمہ بٹ کو لیجنڈ اداکارہ ریما خان نے خوبصورت مشورہ دے دیا۔
نعیمہ بٹ نے 2024 میں نشر ہونے والے مقبول ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں شاندار اداکاری کے ذریعے خوب شہرت حاصل کی، مداحوں نے ڈرامے میں ان کے کردار رباب کو بے حد پسند کیا، جس میں انہوں نے ایک لاڈلی اور امیر گھرانے کی لڑکی کا کردار بخوبی نبھایا، اس سے قبل وہ کئی ڈراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔
نعیمہ بٹ کی ریمپ واک تنقید کی زد میں
نعیمہ بٹ نے ڈیزائنر کی فیوژن ساڑی میں ریمپ پر واک کی
نعیمہ بٹ کا تعلق تھیٹر سے ہے اور وہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک رہتی ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً 4 لاکھ 57 ہزار ہے، وہ اکثر قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ کی تقریبات میں شرکت کرتی نظر آتی ہیں۔
حال ہی میں نعیمہ بٹ کی پہلی ملاقات پاکستانی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ ریما خان سے ایک شادی کی تقریب میں ہوئی، جہاں نعیمہ بٹ نے ریما خان سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا، اس موقع پر ریما خان نے نعیمہ بٹ کو ان کے خوبصورت اور لمبے بالوں سے متعلق ایک خاص مشورہ بھی دیا۔
ریما خان کا کہنا تھا کہ میں نے نعیمہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کبھی اپنے بال نہ کٹوائیں، کیونکہ بال ہر عورت کی خوبصورتی ہوتے ہیں، اسی لیے میں بھی اپنے بال نہیں کٹواتی، صرف ٹرمنگ کرواتی ہوں، نعیمہ کے بال بہت خوبصورت اور لمبے ہیں، جنہیں انہیں برقرار رکھنا چاہیے۔
یہ ویڈیو نعیمہ بٹ نے خود سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد لمبے بالوں والی کئی لڑکیوں نے کمنٹس میں نعیمہ بٹ اور ریما خان سے محبت کا اظہار کیا۔
صارفین نے نعیمہ بٹ کے خوبصورت بالوں کی خوب تعریف کی اور اس مشورے کو سراہا۔