پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی قرار دے دیے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی ہیں، بھارتی بیان بازی پرانی، روایتی اور گمراہ کن ہے، پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات خود بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
پاکستان کا بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے تاریخ کا بدلہ لینے سے متعلق بیان پر اظہار تشویش
بھارتی این ایس اے کے بیان سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں، نفرت پر مبنی ایسے بیانات کسی طور حیران کن نہیں: ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہمارے سامنے ہے۔ افغانستان سمیت خطے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کی نشاندہی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ماورائے عدالت قتل اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی مثالیں ریکارڈ پر ہیں، پاکستان نے بھارت کو اشتعال انگیز بیانات سے باز رہنے کا مشورہ دیا، بھارت میں بڑھتا ہوا انتہاپسندانہ اور مذہبی بنیادوں پر تشدد خطے کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو مہذب بین الریاستی رویوں کی پابندی کرنے کا مشورہ دیا گیا، پاکستان نے کہا غیرذمہ دارانہ الزامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔