مختصر وقت میں پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے والی اداکارہ حنا آفریدی پیا دیس سدھار گئیں۔
اداکارہ نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر یوٹیوبر تیمور اکبر کے ہمراہ ہونے والی شادی کی تقریب سے دلکش تصاویر شیئر کر دیں۔
دونوں نجی اور نکاح کی سادہ سی تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
16 جنوری کو منعقد ہونے والی یوٹیوبر تیمور اکبر اور اداکارہ حنا آفریدی کے نکاح کی اس تقریب میں قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
حنا آفریدی اور تیمور اکبر کی مہندی کی دلکش تصاویر وائرل
گزشتہ ماہ حنا آفریدی نے انسٹاگرام پر خوبصورت پوسٹ کے ذریعے اپنی منگنی تیمور اکبر کے ساتھ ہونے کا اعلان کیا تھا
اس جوڑے نے اپنے مشترکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نکاح کی سادہ و نجی تقریب کی تصاویر پر مشتمل ایک کیروسل شیئر کیا، جس کے کیپشن میں لکھا کہ بسم اللّٰہ، اللّٰہ پاک کے نام سے، قبول ہے۔
حنا آفریدی نے اپنے سفید دلکش عروسی جوڑے کا کریڈیٹ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ جوڑا ان کے بھائی شعیب خان نے ڈیزائن کیا، جبکہ اسے نائرا کٹیور نے نہایت محبت سے تیار کیا ہے۔
تصاویر میں اداکارہ سفید لباس میں ملبوس نظر آئیں، جس پر سنہری اور نفیس کڑھائی کی گئی تھی۔ انہوں نے لُک کو چمکدار سنہری زیورات، ہلکے میک اپ اور نیوڈ لپ اسٹک کے ساتھ مکمل کیا، جس سے ان کا روپ نہایت خوبصورت دکھائی دیا۔
دوسری جانب تیمور اکبر نے سنہری کڑھائی سے مزین سفید شیروانی زیب تن کی، جو سادگی اور وقار کا حسین امتزاج پیش کر رہی تھی۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ پوسٹ سامنے آنے کے بعد اس جوڑے کے لیے ناصرف شوبز شخصیات بلکہ مداحوں کی جانب سے بھی نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حنا آفریدی نے اپنی ڈھولکی، مہندی لگائی اور مایوں کی تقریب سے بھی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
اس جوڑے نے اس سے قبل دسمبر 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔