امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 17 سال سے سندھ میں اقتدار میں ہے، پچھلے دنوں بلاول بھٹو نے ڈھائی گھنٹے کی گفتگو کی، ان کی لانچنگ گل پلازا میں جل رہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گل پلازا سانحے کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ یہ آگ کیسے لگی، بلڈنگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے وہاں کرپشن اور لوٹ مار ہو رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے کالے قانون کو واپس لے، الیکشن ہونا چاہیے اور بااختیار ہونا چاہیے۔
عمارتوں میں کوئی حفاظتی میکینزم نہیں، منعم ظفر
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ عمارتوں میں ایسا کوئی میکینزم نہیں، جس سے شہری محفوظ رہ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 15 فروری تک اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے جس کے بعد پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ اور دیگر آپشن کا اعلان کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس لاکر اسلام آباد کو تین حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے، یہ خوفزدہ ہیں کہ انتخابات ہار جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جاگیرداروں، وڈیروں، خان، سرداروں اور چوہدری کا ایک زبردست نیٹ ورک ہے، بیورو کریسی بھی اسی مائنڈ سیٹ کے ساتھ چلی آرہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جتنی بھی پارٹیاں حکومت میں آتی ہیں وہ بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتیں، مقامی حکومت جمہوریت کی نرسری ہے۔