موسمِ سرما کی سوغات انار کے سُرخ چمکتے دانے ناصرف خوش ذائقہ ہوتے ہیں بلکہ صحت کے بےشمار فوائد کے حامل بھی ہیں، غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک مہینے تک روزانہ انار کھانے سے جسم میں حیرت انگیز تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔
غذائی و طبی ماہرین کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر انار کھانے کے مجموعی صحت پر جہاں بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں اس کے استعمال سے دل کی صحت میں بہتری جیسے فائدے کو نظر انداز کرنا ناممکن ہے۔
روزانہ انار کھانے سے دل کو طاقت ملتی ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس خون کی نالیوں کی سوزش کم کرتے ہیں، بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور صحت مند کولیسٹرول کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
انار کے صحت پر حیرت انگیز فوائد
انار کو غذائی اور طبی خصوصیات کے باعث قدرت کا ایک انمول تحفہ تسلیم کیا جاتاہے، اس پھل کو ’جنت کا پھل‘ بھی قرار دیا گیا ہے، انار کو تمام پھلوں میں شہنشاہ کی سی حیثیت حاصل ہے، انار میں بہت سے ایسے سود مند نباتات اور مرکبات پائے جاتے ہیں جو دوسرے عام پھلوں میں نہیں ملتے۔
انار جِلد کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، اس کا باقاعدہ استعمال چہرے کی جھریوں کو کم کرتا ہے، جِلد کی نمی بہتر بناتا ہے اور چہرے کو قدرتی چمک دیتا ہے۔
سوزش کی شکایت تھکاوٹ، دل کے مسائل اور ذیابطیس جیسی بیماریوں کی بڑی وجہ ہے، انار میں موجود طاقتور مرکبات جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
روزانہ انار کھانے سے توجہ، یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت بہتر ہو سکتی ہے، اس کا استعمال ذہنی کمزوری کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے اور بڑھتی عمر میں دماغ کو فعال رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
انار ایک قدرتی پری بائیوٹک کے طور پر کام کرتا ہے جو آنتوں کے فائدہ مند بیکٹیریا کو بڑھاتا ہے، اس میں موجود فائبر ہاضمہ مضبوط کرتا ہے، غذائی اجزاء کے انجذاب کو بہتر بناتا ہے اور قبض کُشا ہے۔
انار شوگر کے مریضوں کے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے، یہ غیر متوازن بلڈ شوگر لیولز کو کم کرنے اور میٹابولزم کو متوازن رکھنے میں کردار ادا کرتا ہے۔
انار کا استعمال جسمانی مشقت یا ورزش کے بعد ہونے والی سوزش اور عضلاتی تھکن کو کم کرتا ہے، کھلاڑیوں میں یہ برداشت بڑھانے، تھکاوٹ دیر سے محسوس ہونے اور ریکوری بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ایک درمیانے حجم کے انار میں وٹامن سی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو مدافعتی نظام کے لیے نہایت ضروری ہے۔
انار... جنت کا پھل، صحت کیلئے مفید
انار جسے جنت کا پھل بھی کہا جاتا ہے، ایک انتہائی...
اس کے علاوہ اس میں موجود پوٹاشیم، فولیٹ اور دیگر اینٹی بیکٹیریل خصوصیات موسمی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد دیتی ہیں۔
انار گردوں میں پتھری بننے کے امکانات کم کرنے میں مدد کرتا ہے، یہ ان معدنیات کے توازن کو بہتر بناتا ہے جو اکثر پتھری کی وجہ بنتے ہیں اور جسم سے فاسد مادوں کے اخراج کو آسان بناتا ہے۔
تیس دن تک انار کا باقاعدہ استعمال وزن میں کمی، بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی بہتری اور میٹابولزم کو مضبوط کرنے میں مدد دیتا ہے۔
انار کا استعمال جسم میں چربی کے ذخیرے اور سوزش کو کم کر کے صحت مند طریقے سے وزن کم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔