|
|
فائل فوٹو
الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات نہ کروانے کا کیس سماعت کےلیے مقرر کردیا۔
ای سی پی نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو 22 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے الیکشن کمیشن کو 13 اکتوبر 2025ء کو دی گئی یقین دہانی کے باجود حلقہ بندی رولز، کنڈکٹ آف الیکشن رولز، لوکل ایریاز کی ڈیمارکیشن، یونین کونسلوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن اور تصدیق شدہ نقشہ جات 10جنوری تک مہیا نہیں کیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے کیس کو جمعرات 22 جنوری کو سماعت کےلیے مقرر کر لیا تاکہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کےلیے مزید کارروائی کی جاسکے، پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کی میعاد 31 دسمبر 2021 کو ختم ہوگئی تھی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے مختلف طریقے اور بہانے استعمال کیے اور الیکشن کے انعقاد کےلیے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔
صوبے میں بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانا پنجاب گورنمنٹ اور الیکشن کمیشن کی آئینی وقانونی ذمے داری ہے، جس کو پورا کرنے کےلیے الیکشن کمیشن کی طرف سے یہ اقدام اُٹھایا گیا ہے۔ |
|