|
|
2000 کی دہائی میں بالی ووڈ کی مقبول اور پہچانی جانے والی اداکارہ ریمی سین نے فلمی دنیا سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔
’ہنگامہ‘، ’دھوم‘، ’گول مال‘، ’پھر ہیرا پھیری‘ اور ’جونی غدار‘ جیسی کامیاب فلموں میں اپنی دلکش موجودگی سے شہرت پانے والی ریمی سین اب اداکاری کے بجائے ایک بالکل مختلف شعبے میں قدم رکھ چکی ہیں۔
حالیہ انٹرویو میں ریمی سین نے انکشاف کیا کہ انہوں نے دبئی میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں بطور ایجنٹ کام شروع کردیا ہے اور یہ ان کی زندگی کا ایک نیا باب ہے۔ ریمی کے مطابق دبئی ایک نہایت خوش آمدید کہنے والا شہر ہے، جہاں آبادی کی بڑی تعداد غیر ملکیوں پر مشتمل ہے، اور یہی چیز اس شہر کو منفرد بناتی ہے۔
ریمی سین کا کہنا تھا کہ دبئی میں ہر طبقے اور ہر مذہب کے لوگوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔ یہاں مساجد بھی ہیں اور مندر بھی، اور شہری نظام کا بنیادی مقصد لوگوں کی زندگی کو آسان، بہتر اور آرام دہ بنانا ہے۔ ان کے مطابق یہی سوچ دبئی کو دیگر شہروں سے ممتاز کرتی ہے۔
انہوں نے بھارت اور دبئی کے نظام میں فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں حکومتی پالیسیاں اکثر اچانک بدل جاتی ہیں، جس سے کاروبار اور عام لوگوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ ان کے بقول بھارت میں ٹیکسز اور پیچیدگیاں بہت زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے کاروباری ماحول دوستانہ نہیں رہا، جبکہ دبئی میں رئیل اسٹیٹ کا شعبہ نظم و ضبط کے تحت کام کرتا ہے۔
ریمی سین نے بتایا کہ دبئی میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں واضح نظام موجود ہے، جہاں ایجنٹس، ایجنسیاں اور ڈیولپرز سب اپنی اپنی حدود میں کام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہاں ایجنٹس کو مالی مشیروں کی طرح عزت اور اعتماد دیا جاتا ہے، جو بھارت میں شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
ریمی سین نے فلمی کیریئر پر بات کرتے ہوئے ماضی میں اعتراف کیا تھا کہ وہ بار بار مزاحیہ کردار ادا کرتے کرتے تھک چکی تھیں۔ ان کے مطابق کئی فلموں میں ان کا کردار محض ’فرنیچر‘ کی حد تک محدود ہوتا تھا، جبکہ وہ سنجیدہ اور مضبوط کردار کرنا چاہتی تھیں۔ ہنگامہ اور جونی غادار جیسی چند فلموں میں ہی انہیں وہ کردار ملے جو وہ واقعی کرنا چاہتی تھیں، مگر بدقسمتی سے ایسے مواقع زیادہ نہ مل سکے۔
واضح رہے کہ ریمی سین نے 2003 میں فلم ’ہنگامہ‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور مختصر وقت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ تاہم اب انہوں نے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر دبئی کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں اپنی نئی پہچان بنا لی ہے، جہاں وہ نہ صرف مطمئن نظر آتی ہیں بلکہ اپنے فیصلے پر پُراعتماد بھی ہیں۔ |
|