|
|
تصویر بشکریہ: رائٹرز۔
ایران پابندیوں میں نرمی پر ایران اور امریکا کےخیالات مختلف ہیں۔ ایک ایرانی عہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ دونوں فریقوں کو پابندیوں کے خاتمے کے لیے معقول ٹائم ٹیبل پر متفق ہونا ہوگا۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق روڈ میپ معقول اور باہمی مفادات پر مبنی ہونا چاہیے، امریکی مطالبے کے مطابق ایران انتہائی افزودہ یورینیم کم کرنے پر غور کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن جوہری افزودگی کا حق تسلیم کرنے کے بدلے ایران علاقائی افزودگی کنسورشیم کے قیام پر بھی غور کرسکتا ہے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق مذاکرات جاری ہیں اور عبوری معاہدے تک پہنچنے کا امکان موجودہے، سفارتی حل سے ایران اور امریکا دونوں کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ زیر غور معاشی پیکج میں امریکا کو ایرانی تیل کی صنعت میں سرمایاکاری کی پیشکش بھی کی ہے، ایران اپنے تیل اور معدنی وسائل کا کنٹرول کسی کے حوالے نہیں کرے گا۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکا ایران کا صرف معاشی شراکت دار ہوسکتا ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں، امریکی کمپنیاں ایرانی تیل اور گیس فیلڈ میں ہمیشہ ٹھیکیدار کے طور پر ہی کام کرسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا جوہری مذاکرات کا اگلا دور مارچ میں متوقع ہے۔ |
|