|
|
کولاج فوٹو: اسکرین گریب
بھارت کے سابق نیوی افسر کیپٹن نووتیج سنگھ کی انتہائی بلندی پر چلنے والی خطرناک ہواؤں میں ایریل فوٹوگرافی کرتے ہوئے ایک حیران کن ویڈیو وائرل ہوگئی جس نے دنیا بھر کے ناظرین کو دنگ کر دیا۔
ویڈیو میں کیپٹن سنگھ کو ایک ہیلی کاپٹر کے دروازے پر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ وہ زمین سے 10 سے 20 ہزار فٹ کی بلندی پر 740 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز، سرد اور بےرحم ہواؤں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سنگھ زور دار جھونکوں میں کیمرہ تھامے نظر آتے ہیں، ہوا اتنی شدید تھی کہ ان کا چہرہ لرز اٹھا گال پیچھے دھکیل گئے، ہونٹ کپکپانے لگے اور آنکھیں تنگ ہوگئیں۔
بلندی کی یخ بستہ ہواؤں کے دباؤ سے ان کی جلد لہروں کی صورت ہلتی ہوئی دکھائی دی۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’ہوا صرف چھوتی نہیں، چہرے سے ٹکرا کر اسے ہلا دیتی ہے، جلد لہرا اٹھتی ہے، پٹھے مڑ جاتے ہیں اور آنکھیں دھندلا جاتی ہیں۔‘
سنگھ کے مطابق ہیلی کاپٹر کو جان بوجھ کر بغیر کیبن پریشر کے اُڑایا جاتا ہے، جو فوجی مشنز میں ریسکیو اور ایریل فوٹوگرافی کے لیے عمومی طریقہ ہے، جیسے ہی دروازہ کھلتا ہے، فوٹوگرافر کو ہوا کے بے پناہ دباؤ کے سامنے خود کو سنبھالنا پڑتا ہے، سیٹ بیلٹ اور رسی سے بندھے ہونے کے باوجود تصویر کا زاویہ درست کرنے کے لیے چند ہی لمحے ہوتے ہیں۔ |
|