|
|
-- کولاج فوٹو: فائل
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ، پروڈیوسر اور میزبان حریم فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ سینئر اداکار عدنان صدیقی نے ایک بار ترکی میں ان کے لیے ناشتہ تیار کیا تھا۔
حال ہی میں حریم فاروق نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیے۔
دورانِ گفتگو انہوں نے ترکی میں پیش آنے والے ایک خوشگوار واقعے کا ذکر کیا جس میں عدنان صدیقی نے ان کے لیے ناشتہ بنایا۔
حریم فاروق نے واقعے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا پہلا سیریل عدنان صدیقی کے ساتھ تھا، اور ہم شوٹنگ کے لیے ترکی میں تھے۔ صبح سویرے لوکیشن پر پہنچے تو مجھے شدید بھوک لگی ہوئی تھی کیونکہ میں ناشتہ کیے بغیر سیٹ پر آ گئی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خوش قسمتی سے ہم ایک اپارٹمنٹ میں شوٹنگ کر رہے تھے۔ میں وہاں بیٹھی ہوئی کہہ رہی تھی کہ مجھے بھوک لگی ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ کیا کرنا ہے تو عدنان بڑے پیار سے آئے اور پوچھا، ’’گُڑیا، ناشتہ کیا؟ اگر نہیں کیا تو میں بنا دیتا ہوں‘‘، میں حیران رہ گئی کہ عدنان صدیقی میرے لیے ناشتہ بنائیں گے! مگر انہوں نے واقعی نہایت مزیدار آملیٹ اور اسکریمبل ایگز بنائے، میں ان کا یہ عمل میں کبھی نہیں بھول سکتی۔
واضح رہے کہ حریم فاروق اور عدنان صدیقی نے 2014 میں نشر ہونے والا ’میرے ہمدم میرے دوست میں‘ ایک ساتھ کام کیا تھا، جس کی شوٹنگ ترکی میں ہوئی تھی۔ |
|