پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مزاحمت کے بعد مفاہمت ہی ہوتی ہے، گفتگو سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا ہے، وہ بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔
جیو نیوز کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اور میں ایک پارٹی میں رہے ہیں، میں اسپتال میں تھا تو وہ عیادت کے لیے آگئے، اب گھر آئے مہمان کو کیا کہوں کہ کیوں ملنے آئے ہو۔
شاہ محمود قریشی کو اسپتال سے ڈسچارج کے بعد کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا
پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کی بہت مدد کی ہے، ہمارا افغانستان سے جائز مطالبہ ہے کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں افغانستان کو دہشتگردی کے خلاف ہمارا ساتھ دینا چاہیے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ ایران کے بارڈر پر فی الحال صورتحال کنٹرول میں ہے، ہم نے بھارت کو جنگ میں ہرایا، اللّٰہ نے ہمیں عزت دی، ابھی تک بھارت سے خطرہ ٹلا نہیں ہے۔