|
|
تصویر سوشل میڈیا۔
ہندی اور مراٹھی فلمساز، فلمی فوٹو گرافر اور فلم چھاوا کے ہدایتکار لکشمن اوتیکر نے اپنی فلم چھاوا کے لیے عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمان کو منتخب کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب آپ بین الاقوامی معیار اور عالمی رسائی والی فلم بناتے ہو تو اے آر رحمان سے بہتر انتخاب اور کون ہو سکتا ہے۔
انھوں نے کہا جب میں نے اے آر رحمان سے فلم کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے مجھ سے پوچھا تھا کہ آپ یہ فلم کیوں بنانا چاہتے ہیں؟ تو میں نے انھیں مطمئن کیا۔
لکشمن اوتیکر کے مطابق اس موقع پر اے آر رحمان نے بالی ووڈ میں تقسیم اور طاقت کے بدلتے ہوئے موضوع پر گفتگو کی۔
انھوں نے چھاوا کی موسیقی کے لیے اے آر رحمان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسکا مقصد علاقائی بنیاد پر قائم رہنے کے بجائے ایک ایسی موصوع تخلیق کرنے پر تھی جو عالمی سطح پر سب کے لیے قابلِ قبول ہو۔
عالمی شہرت یافتہ اے آر رحمان جو آسکر سمیت متعدد بڑے اعزازات حاصل کر چکے ہیں، لیکن گزشتہ روز انکی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی تقسیم سے متعلق بیان پر ایک طوفان برپا ہے۔
انھوں نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہندی فلم انڈسٹری میں انھیں گزشتہ 8 برسوں سے کام نہیں مل رہا، انکے مطابق طاقت کے توازن میں آنے والی تبدیلی اسکی وجہ ہے، انکا اشارہ مذہبی تعصب کی طرف تھا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ میں نے پہلے کبھی ان باتوں کو محسوس نہیں کیا۔ شاید مجھے کبھی اس کا علم ہی نہ ہو سکا، یا پھر یہ سب کچھ چھپا ہوا تھا۔ شاید پچھلے 8 برسوں میں طاقت کا توازن تبدل ہوگیا ہے۔
دریں اثنا سوشل میڈیا میں زیرگردش ایک انٹرویو پر مبنی ویڈیو کلپ میں ہدایتکار لکشمن اوتیکر نے فلم کے لیے وکی کوشل، رشمیکا مندانا، اے آر رحمان اور ارشاد کامل کی ٹیم بنانے اور اس میں مراٹھی تہذیب کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں نے انھیں مراٹھی فلیور کے لیے جمع نہیں کیا تھا اگر ایسا کرنا ہوتا تو میں فلم ہی مراٹھی زبان میں بناتا۔
تاہم میں نے یہ فلم ہندی میں بنانے کا ارادہ اس لیے کیا تاکہ فلم کی رسائی پوری دنیا میں ہو۔ میں روایتی مراٹھی مکالمات یا مراٹھی گانوں تک خود کو محدود نہیں کرنا چاہتا تھا، گلاڈی ایٹر اور ٹرائے جیسی فلموں سے متاثر تھا اور میں چھترپٹی سمبھاجی مہاراج پر اسی نوعیت کی ایک فلم بنانا چاہتا تھا۔ جب بات بین الاقوامی معیار اور عالمی رسائی کی ہو تو اے آر رحمان سے بہتر انتخاب اور کون ہو سکتا ہے۔
اس سوال پر کہ بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ اے آر رحمان کے بجائے پونے کے اے اتل بھائیوں کی جوڑی اس فلم کے لیے زیادہ موزوں موسیقار ہو سکتے تھے، اس پر لکشمن نے کہا مجھے ان دونوں کا کام پسند ہے۔ لیکن میں ایک ایسی فلم بنانا چاہتا تھا جسے بین الاقوامی سطح پر لوگ پسند کریں۔ مہاراشٹر میں سب سمبھاجی مہاراج کے بارے میں جانتے ہیں، مگر مہاراشٹر کے باہر بہت سے لوگ نہیں جانتے۔ اس پیغام کو وہاں تک پہنچانے کے لیے میں نے اے آر رحمان کو منتخب کیا۔ |
|