|
|
پاکستان فضائیہ کے جدید ایف-16 بلاک-52 لڑاکا طیارے اور تربیت یافتہ عملہ سعودی عرب میں جاری عالمی فضائی مشق اسپیئرز آف وکٹری-2026 میں شرکت کے لیے پہنچ گیا ہے۔
اس مشق میں سعودی عرب، پاکستان، امریکا، برطانیہ اور فرانس سمیت دس ممالک کی فضائی افواج شریک ہیں۔ پاکستانی طیاروں نے پاکستان سے سعودی عرب تک بغیر رکے پرواز کرکے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق میں جدید فضائی جنگی حکمت عملیوں کی تربیت دی جارہی ہے، نائٹ کمپوزٹ ایئر آپریشنز مشق کا اہم حصہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں مربوط انٹیلیجنس اور الیکٹرانک وارفیئر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، کثیر ملکی مشق کا مقصد فضائی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو بڑھانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف-16 بلاک 52 طیارے جدید ایویونکس اور بی وی آر صلاحیتوں سے لیس ہیں، پاکستانی پائلٹس جدید غیرملکی جنگی طیاروں کے خلاف عملی مشق کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں بڑے پیمانے پر فورس ایمپلائمنٹ کی تربیت بھی شامل ہے، یہ مشق جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی جنگی ماحول میں ہو رہی ہے، پاکستان فضائیہ کی شرکت عالمی فوجی تعاون کے عزم کی عکاس ہے۔ |
|