|
|
— فائل فوٹو
ڈیمینشیا ایک سنگین بیماری ہے جو یادداشت کی کمزوری، ذہنی الجھن اور جسمانی حرکات میں مسائل کا باعث بنتی ہے۔
حالیہ اہم سائنسی پیش رفت میں سویڈش ماہرین نے ڈیمینشیا کی ایک خطرناک قسم لیوی باڈی ڈیزیز کی بروقت تشخیص کا نیا طریقہ دریافت کر لیا جس کے ذریعے علامات ظاہر ہونے سے کئی سال قبل ہی مرض کی نشاندہی ممکن ہو سکتی ہے۔
لیوی باڈی ڈیزیز الزائمر کے بعد ڈیمینشیا کی سب سے عام اقسام میں شمار ہوتی ہے اور اس کا تعلق پارکنسنز بیماری اور لیوی باڈی ڈیمینشیا سے ہوتا ہے۔ یہ مرض ایک مخصوص پروٹین، الفا-سینوکلین (alpha-synuclein)، کے غیر معمولی گچھوں کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے جو بتدریج دماغی خلیات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
- نیند کا انداز ابتدائی ڈیمنشیا کے خطرے کی نشاندہی کر سکتا ہے: تحقیق
- دو عام انفیکشنز بھی ڈیمنشیا لاحق ہونے میں کردار ادا کرسکتے ہیں، سائنسدان
- ڈیمینشیا کی علامات برسوں پہلے ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہیں، تحقیق
اب تک لیوی باڈی ڈیزیز کی حتمی تشخیص صرف موت کے بعد ہی ممکن تھی۔ تاہم، سویڈش محققین نے ایک نئی تحقیق میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے گرد موجود سیریبرواسپائنل فلوئڈ (cerebrospinal fluid) کا تجزیہ کیا۔
اس تحقیق میں 1100 سے زائد ایسے افراد کو شامل کیا گیا جن میں بظاہر یادداشت یا جسمانی حرکات سے متعلق کوئی مسائل موجود نہیں تھے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق تقریباً 10 فیصد افراد میں لیوی باڈی ڈیزیز کی ابتدائی علامات موجود تھیں۔ بعد ازاں، چند برسوں کے دوران ان میں سے بعض افراد پارکنسنز بیماری یا لیوی باڈی ڈیمینشیا کا شکار ہو گئے۔
مزید یہ کہ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مرض کی ابتدائی علامات رکھنے والے کئی افراد میں سونگھنے کی حس متاثر ہو چکی تھی۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ سونگھنے کا ایک سادہ ٹیسٹ اس بیماری کی ابتدائی شناخت کے لیے مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق 60 برس سے زائد عمر کے افراد کا ابتدائی طور پر سونگھنے کا ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے اور اگر اس میں خرابی سامنے آئے تو مزید تفصیلی معائنہ کیا جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بیماری کی بروقت تشخیص انتہائی اہم ہے، کیونکہ نئی ادویات اور علاج اس وقت زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں جب دماغ کو شدید نقصان نہ پہنچا ہو۔
سائنس دانوں کو امید ہے کہ یہ دریافت مستقبل میں ڈیمینشیا کے خطرے سے دوچار لاکھوں افراد کی بہتر نگہداشت اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ |
|