بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے بالآخر اپنی اہلیہ سُنیتا آہوجا کے ساتھ طلاق کی گردش کرتی افواہوں کو سازش قرار دے دیا۔
37 برس سے ازدواجی رشتہ نبھانے والے گووندا نے ایک انٹرویو میں ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں اب اس لیے بول رہا ہوں کیونکہ خاموش رہنے سے میں خود کو کمزور محسوس کر رہا تھا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 62 سالہ اداکار نے کہا کہ میں نے حالیہ دنوں میں نے یہ محسوس کیا کہ جب ہم خاموش رہتے ہیں تو یا تو ہمیں کمزور سمجھا جاتا ہے یا یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ مسئلہ ہم خود ہیں، اسی لیے آج میں جواب دے رہا ہوں۔
اداکار نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتایا گیا تھا کہ میرے خاندان کے کچھ افراد لاشعوری طور پر اس معاملے میں ملوث ہو سکتے ہیں اور ابتدا میں ان کو یہ اندازہ بھی نہیں ہوگا کہ انہیں ایک بڑی سازش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے خاندان متاثر ہوتا ہے اور پھر یہ اثر معاشرے تک پھیل جاتا ہے۔
انٹرویو کے دوران گووندا نے اپنے کام کے انتخاب پر بھی بات کی اور بتایا کہ میری اہلیہ اکثر کہتی ہیں کہ جو تم چاہتے ہو وہ تمہیں ملتا نہیں اور جو مل جاتا ہے وہ تمہیں دراصل چاہیے نہیں ہوتا، پھر گھر کیسے چلے گا؟
گووندا کے مبینہ افیئرز پر اہلیہ سنیتا آہوجا کی گفتگو
بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سُنیتا آہوجا نے ازدواجی تنازعات اور شوہر کے مبینہ افیئرز پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ میری اہلیہ کبھی یہ تصور بھی نہیں کر سکتیں کہ انہیں خود ایک بڑی سازش میں لاشعوری طور پر شامل کر دیا گیا ہے اور انہیں اس طرح میدان میں اتار دیا گیا جیسے کرکٹ میں اوپننگ بیٹسمین کو اتارا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گووندا اور سُنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی، وہ فروری 2025 سے طلاق کی افواہوں کی زد میں ہیں، تاہم اداکار کے حالیہ بیان کے بعد ان قیاس آرائیوں پر خاصی حد تک وضاحت سامنے آ گئی ہے۔