|
|
تصور سوشل میڈیا۔
معروف بھارتی کامیڈین ذاکر خان نے کامیڈی سے طویل وقفے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے اسکی وجہ اپنی صحت اور ذاتی وجوہات بتائی ہیں، انکے مطابق وہ سالوں سے ٹور کر رہے ہیں لیکن صحت بھی بہت اہم ہے۔
38 سالہ ذاکر خان نے یہ اعلان بھارتی شہر حیدر آباد میں ہونے والے اپنے پاپا یار ٹور کے دوران ایک لائیو شو میں کیا جس کے فوری بعد انکا یہ اعلان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ انکا کہنا تھا کہ یہ وقفہ ممکنہ طور پر 2030 تک جاری رہ سکتا ہے۔
منگل کے روز حیدرآباد میں ذاکر خان کے تازہ ترین شو کی ایک ویڈیو آن لائن سامنے آئی، جس میں انہوں نے اپنے وقفے کے بارے میں گفتگو کی۔ کھچا کھچ بھرے ہوئے آڈیٹوریم میں خطاب کے دوران ذاکر نے وضاحت کی کہ یہ وقفہ کئی برس تک جاری رہ سکتا ہے، ممکن ہے 2028، 2029 یا پھر 2030 تک، جب وہ اپنی موجودہ ذمہ داریاں مکمل کر لیں گے۔
ذاکر خان نے مزید کہا کہ آج یہاں موجود ہر شخص میرے دل کے بہت قریب ہے۔ انھوں نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ آپ سب کی موجودگی میرے لیے اتنی اہم ہے جس کا آپ تصور بھی نہیں کر سکتے اور میں ہمیشہ آپ سب کا شکر گزار رہوں گا، آپ سب کا بہت شکریہ۔ |
|