نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم کے قریب ہوفڈڈورپ میں انڈس اسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک کے لیے ایک کامیاب فنڈ ریزنگ تقریب منعقد کی گئی۔
اپنی افتتاحی گفتگو میں تقریب کی نظامت کے فرائض انجاب دینے والے ڈاکٹر محمد کامران نے انڈس اسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک کی ٹیم کو خوش آمدید کہا اور اپنی منتظم ٹیم کا تعارف کروایا، جس میں روبینہ محمود، سہیل ادریس، راحیلہ محمود اور زین جمیل شامل تھے۔
تعارف کے بعد مقامی سیاستدان عدیل محمود نے خطاب کیا جس میں انہوں نے آنے والے بلدیاتی انتخابات پر بات کی اور حاضرین کو اپنی جماعت کی حمایت کی ترغیب دی۔
تقریب کا ایک نمایاں حصہ نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والی معروف خطاط کرن کی اسٹیج پر براہِ راست خطاطی کی نمائش تھی۔ انہوں نے اپنی تیار کردہ خوبصورت فن پارہ نیلامی کے لیے عطیہ کیا، جس کی آمدنی انڈس اسپتال کے لیے مختص کی گئی۔
گلوبل ڈائریکٹر فنڈ ریزنگ انڈس اسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک پرویز احمد نے ادارے کے منصوبوں اور خدمات پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اس کے بعد سی ای او انڈس اسپتال ڈاکٹر ظفر زیدی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعدازاں دونوں نے مل کر حاضرین سے عطیات کی اپیل کی۔
مشہور پاکستانی اداکار نعمان اعجاز نے بھی تقریب میں شرکت کر کے اس مہم کو چار چاند لگا دیے۔ انہوں نے اپنی خوش مزاج اور دلچسپ گفتگو سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
یہ تقریب نہایت کامیاب رہی، جس کے دوران عطیات اور مستقبل کے وعدے (pledges) حاصل کیے گئے۔ حاضرین کے لیے سہیل کاسمیٹکس اور نثار احمد کی طرف سے لذیذ پاکستانی کھانوں کا اہتمام کیا گیا۔
مہمانوں نے نعمان اعجاز کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
اختتام پر انڈس اسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک کی ٹیم نے انڈس نیدرلینڈز ٹیم کو اسٹیج پر بلا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹیم کی متحرک رکن روبینہ محمود نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔