|
|
فوٹو: سوشل میڈیا
چین کا شہر چونگ کنگ اپنی منفرد جغرافیائی ساخت اور پیچیدہ انفراسٹرکچر کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہاں دنیا کا سب سے گہرا سب وے اسٹیشن موجود ہے، ایک معلق ٹرین ٹریک رہائشی عمارتوں کے درمیان سے گزرتا ہے، اور اب یہ شہر دنیا کے سب سے طویل آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم کا گھر بھی بن گیا ہے۔
ووشان گاڈیس ایسکلیٹر
چونگ کنگ کا یہ نیا انفرا اسٹرکچر کمال ہے، جسے ووشان گاڈیس ایسکلیٹر کہا جاتا ہے، 21 ایسکلیٹرز، 8 لفٹس، 4 موونگ واک ویز، 2 پیڈسٹرین برج اور 2 اوور پاسز پر مشتمل ہے۔ یہ سسٹم ووشان کاؤنٹی کے گاوٹانگ علاقے میں شن نو ایونیو کے بالائی اور زیریں حصوں کے درمیان سفر کا وقت ایک گھنٹے سے کم کر کے صرف 20 منٹ کر دیتا ہے۔
حیرت انگیز پیمائش
اس ایسکلیٹر کے نچلے اور اوپری حصے کے درمیان اونچائی کا فرق تقریباً 242 میٹر ہے، جو کہ 80 منزلہ عمارت کے برابر ہے۔ تاہم پورا آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم تقریباً ایک کلومیٹر (905 میٹر) تک پھیلا ہوا ہے۔
کرایہ اور آزمائشی دور
17 فروری سے ووشان گاڈیس ایسکلیٹر کو آزمائشی طور پر عوام کے لیے کھولا گیا ہے، جس میں فی مسافر 3 یوان (تقریباً 0.4 امریکی ڈالر) کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس آزمائشی دور کے اختتام پر مقامی حکام فیصلہ کریں گے کہ کرایہ اسی شرح پر برقرار رکھا جائے یا نہیں۔
شہریوں کے لیے سہولت
یہ نیا ایسکلیٹر سسٹم چونگ کنگ کے شہریوں کے سفر کو نہ صرف زیادہ مؤثر بلکہ آرام دہ بھی بنا دے گا اور شہر کے پیچیدہ جغرافیائی ڈھانچے میں نقل و حرکت کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ |
|