نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان ڈیجیٹائزیشن کی جانب گامزن ہے، ہم نے ٹیکنالوجی میں بہت ترقی کی اور کر رہے ہیں۔
گوگل کروم بک اسمبلی لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں، وزارت آئی ٹی کی کوششوں کے آج ثمرات مل رہے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں فور جی ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی، جدید دور میں جدید علوم سیکھنا ناگزیر ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے سرمایہ کار کو فائدہ ہو رہا ہے۔
گوگل کروم بک فیکٹری لگانے کی پیشکش، وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونت کی یقین دہانی
وزیر اعلیٰ پنجا ب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس حب بنانا ہمارا عزم ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنانے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کی مہارت بڑھانے میں گوگل کروم بک کلیدی کردار ادا کرے گی، مارکیٹ میں کروم بک کی دستیابی موجودہ گیجٹس کی فراہمی کو مزید آسان بنائے گی۔ ٹیکنالوجی میں نئی جدتیں متعارف کروائی جا رہی ہیں، عالمی پلیٹ فارمز تک بہتر رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے، ہمیں انسانیت کو بچانے کے لیے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی، غزہ امن معاہدے پر گزشتہ ماہ دستخط ہوئے، امریکی صدر کی موجودگی میں امن معاہدے پر دستخط ہوئے، غزہ میں امن کے لیے کوششوں پر عملدرآمد جاری ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اسرائیل صدر ٹرمپ کی موجودگی میں ہونے والے امن معاہدے پر عمل کرے، پاکستان اور دیگر عرب اسلامی ممالک غزہ میں امن کے لیے خلوص نیت سے کوششیں کر رہے ہیں۔