|
|
سینیٹر کامران مرتضیٰ(فائل فوٹو)۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے پارلیمان کی ایک کمیٹی بنا دی جائے۔
پیر کو ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ کمیٹی جا کر بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تسلی کرے۔
انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹس پر ایف آئی اے والے شہریوں کو بلاوجہ آف لوڈ کر رہے ہیں، ایف آئی اے والے یا فورسز کے لوگ بادشاہ سلامت نہیں جس کو مرضی آف لوڈ کردیں۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی بنا دی جائے جو جاکر بانی پی ٹی آئی کو مل کر آئے، میں اس تجویز کی حمایت کرتا ہوں۔
پی ٹی آئی کی سینیٹر مشال یوسفزئی نے کہا میرے لیڈر کو ایک ماہ سے کٹ آف کیا ہوا ہے، ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی۔ ایک ماہ سے خبر نہیں ان کی طبیعت کیسی ہے، ہمیں پنجاب پولیس نے گھیرے میں لیا، کیا اس میں خاتون پولیس نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ مردوں کی لڑائی مردوں کی طرح لڑیں، غیر سیاسی خاتون کو مت لائیں، مریم نواز شریف کا دروازہ سندھ میں توڑا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ قائم خانی نے مشال یوسفزئی کی تقریر پر احتجاج کیا اور کہا ان کے دور میں ہماری خواتین کے ساتھ کیا ہوتا رہا ہے۔
سینیٹ کا اجلاس اب جمعرات کی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ |
|