|
|
بہاولپور کے باصلاحیت نوجوان گلوکار آریان نوید بھٹی اپنی بھرپور محنت، خوبصورت آواز اور والدین کی دُعاؤں کے سہارے پاکستان آئیڈل 2025 میں موجود ہیں۔
جب وہ کراچی سے اپنے علاقے واپس پہنچے تو اہلِ محلہ نے ڈھول کی تھاپ پر ان کا شاندار استقبال کیا، آریان نوید بھٹی نے ”جیو نیوز“ سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے اپنے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے گھر میں ایک چھوٹا میوزک اسٹوڈیو قائم کر رکھا ہے جہاں کامیابی کے سفر کے ہر مرحلے کی یادیں محفوظ ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ محنت ہر چیز میں لگتی ہے، والدین کی دعا اور اپنی محنت کے بل پر پاکستان آئیڈل جیتنے کی بھرپور کوشش کروں گا، میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری سخت جدوجہد کی ہے۔
آریان کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹے نے ہمیشہ نام بنانے کا خواب دیکھا اور سخت حالات کے باوجود کبھی ہمت نہیں ہاری۔ اس کی محنت کا پھل اُسے ضرور ملنا چاہیے۔
اُن کی والدہ نے بتایا کہ میرا بیٹا یہاں تک اسی لیے پہنچا ہے کیونکہ اس کے والد نے اس کیلئے بہت زیادہ محنت کی ہے، وہ بچے کو لیکر گئے آڈیشن دلایا، بیٹے نے جو کچھ سیکھا ہے اپنے والد سے ہی سیکھا ہے۔
آریان نوید کی پھوپھی نے کہا کہ یہ بچہ بہت اچھا گاتا ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ یہ بہت آگے جائے گا۔ کالج پہنچنے پر آریان کے دوستوں اور اساتذہ نے بھی اُن کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیے
- ’پاکستان آئیڈل‘ نے زندگی یکسر تبدیل کر دی: رومیسہ طارق
- پاکستان آئیڈل: گھر کی کفیل ایم فل طالبہ ماہم طاہر جیت کیلئے بے قرار
آریان کے اساتذہ نے بتایا کہ یہ بہت قابل اور ہونہار طالب علم ہے، پاکستان کا نام روشن کرے گا۔ کلاس فیلوز نے کہا کہ آریان بہت اچھا لڑکا ہے، سب کے ساتھ تعاون کرتا ہے، ہم کھانا پینا گھومنا ساتھ کرتے ہیں اور یہ ہر ایک کے ساتھ بہترین برتاؤ کرتا ہے۔
ان کے مطابق آریان کا ٹاپ 16 میں پہنچنا اُن کی جدوجہد اور غیر معمولی لگن کا نتیجہ ہے۔ والدین نے دُعا کی کہ موسیقی کی دنیا میں آریان نوید بھٹی اپنا منفرد مقام بنائے اور ملک کا نام روشن کرے۔ |
|