|
|
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اپنے ساتھی اداکار جاوید شیخ پر ذاتی نوعیت کا مذاق کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی نشانہ بن رہی ہیں۔
بشری انصاری نے ایک پریس ایونٹ کے دوران پاکستان شوبز کے سینئر اور لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کی ذاتی زندگی اور خاص طور پر ان کی طلاق کے حوالے سے کچھ جملے کہے جو نہ صرف جاوید شیخ کو ناگوار گزرے بلکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس تبصرے پر بشریٰ انصاری کو آڑے ہاتھوں لیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بشریٰ انصاری، جاوید شیخ، بہروز سبزواری، روبینہ اشرف، اور شبیر جان ایک پریس ایونٹ میں شریک تھے۔ ایونٹ کے دوران بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ کی ذاتی زندگی، خصوصاً طلاق کے حوالے سے طنزیہ انداز میں بات کی، جو جاوید شیخ کو ناگوار گزری۔
وائرل ویڈیو کلپ میں بشریٰ انصاری کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’’میں جاوید شیخ کے گھر گئی تو انہوں نے مجھے کچھ کھلایا ہی نہیں کیونکہ ان کا کوئی گھر ہی نہیں تھا، وہ گھر میری آنکھوں کے سامنے بنا اور میری آنکھوں کے سامنے ہی ٹوٹ بھی گیا۔‘‘
اس پر جاوید شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جواب دیا ’’بشریٰ نے میری ٹوٹی ہوئی شادی پر مذاق کیا، لیکن ٹوٹا ہوا گھر کوئی مذاق نہیں ہوتا۔ میں نے کبھی ان کے ٹوٹے ہوئے گھر پر بات نہیں کی، نہ یہ سوال اٹھایا کہ ان کی شادی کیوں ختم ہوئی۔ آئندہ جب میری کہانی سنائیں تو اپنی کہانی بھی ساتھ سنایا کریں، کیونکہ آپ کی شادی بھی نہیں چل سکی۔‘‘
View this post on Instagram
اس ویڈیو کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ردِعمل کا طوفان آگیا۔ کئی صارفین نے بشریٰ انصاری کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا اور جاوید شیخ کی حمایت کی۔ ایک مداح نے لکھا کہ دونوں فنکاروں کی دوستی نظرِ بد کا شکار ہوگئی، جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ بشریٰ انصاری اکثر بلاوجہ حد سے زیادہ بول جاتی ہیں۔
کچھ صارفین نے یہ بھی لکھا کہ بشریٰ انصاری بلاشبہ ایک عظیم فنکارہ ہیں، لیکن عمر کے ساتھ ان کے بیانات میں تلخی آتی جا رہی ہے۔ بڑی تعداد میں مداحوں نے جاوید شیخ کو شوبز کا لیجنڈ قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ ہونے والے طنز کو نامناسب اور تکلیف دہ کہا۔
 |
|