|
|
فائل فوٹو
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں اور صوبائی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے خیبرپختونخوا جل رہا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں نیشنل ایکشن پلان ٹو بنایا گیا تھا اور نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتیں متفق تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے، اس میں صوبائی حکومت آن بورڈ ہے، جبکہ صوبے میں گزشتہ 14 برس سے ایک ہی جماعت کی حکومت قائم ہے، صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہو رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ دہشت گردوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہو سکتی اور ان کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کیوں نہیں بنائی گئی، صوبائی حکومت کی کارکردگی صفر ہے، یہ صرف سیاسی کارڈ کھیلتی رہی، آپ کی نالائقی کی وجہ سے پورا ملک دہشت گردی کا شکار ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو کس نے روکا کہ سی ٹی ڈی نہ بنائیں اور آپ کو کس نے روکا کہ کاؤنٹر ٹیررازم پر افواج کے ساتھ کھڑے نہ ہوں، جب آپ کو اجلاس میں بلایا جاتا ہے تو آپ کیوں نہیں آتے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈرائیو میں 22 نکات شامل ہیں۔
انہوں نے این ایف سی پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2010 سے نومبر 2025 تک خیبرپختونخوا کو 5867 ارب روپے دیے جا چکے ہیں۔ |
|