|
|
رانا عرفان نے ورلڈ کپ ٹیم چیمپئن اسجد اقبال کو اپ سیٹ شکست دیکر نیشنل بینک گولڈن جوبلی قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، یہ چیمپئن شپ کا سب بڑا اپ سیٹ ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے ٹاپ عالمی چیمپئن محمد آصف بھی بآسانی کامیابی حاصل کر کے فائنل میں پہنچ گئے۔ فائنل بدھ کو صبح 10 بجے کھیلا جائے گا۔ تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی ہوں گے۔
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کلفٹن کراچی میں جاری 50ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پنجاب کے رانا عرفان نے موجودہ ورلڈ کپ ٹیم چیمپئن اسجد اقبال کو 4-5 سے اپ سیٹ شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
رانا عرفان کی جیت کا فریم اسکور 45-77، (84) 84-14، 71-10، 52-67، 1-69 (57)، 0-95 (95)، 72(64)-01، 37-64 اور 18-74 (53) رہا۔
دوسرے سیمی فائنل میں تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف (نیشنل بینک) نے پنجاب کے مبشر رضا کو باآسانی 3-5 فریم سے ہرا کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
محمد آصف کی جیت کا فریم اسکور 17-105 (105)، 17-76، (71) 71-20، 37-66، 50-44، 5-66 اور 42-76 رہا۔ |
|