سوڈان میں ڈرون حملے میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے یو این امن مشن کے 6 ارکان جاں بحق ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کدوگلی شہر میں امن فوج کے لاجسٹکس بیس کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں 8 امن فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں، تمام متاثرین بنگلادیشی شہری ہیں۔
سوڈان: فوجی انخلا کے بعد ریپڈ سپورٹ فورس کے ہاتھوں شہر الفشر میں قتلِ عام جاری
گزشتہ ہفتے سوڈان کے شہر الفشر سے فوجی انخلا کے بعد سے حالات انتہائی خراب ہیں، پیرا ملٹری فورسز کے سوڈانی شہر الفشر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے قتلِ عام جاری ہے۔
یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے امن مشن پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلاجواز حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں۔
دوسری جانب سوڈانی فوج نے اس حملے کا الزام نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) پر عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ سوڈان میں اپریل 2023ء سے جاری خانہ جنگی کے دوران ہزاروں افراد ہلاک اور ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔