غزہ بورڈ آف پیس کی پہلی میٹنگ 19 فروری کو امریکا میں منعقد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں اراکین کو دعوت نامے بھیج دیے گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بورڈ ممبران اور غزہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کی واشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں میزبانی کریں گے۔
پچیس ممالک نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بورڈ کے چیئرمین ہیں۔
پاکستان کی ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت، اسرائیل تلملا اُٹھا
پاکستان نے غزہ ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل ہونے کی دعوت قبول کرلی ہے جس کا مقصد فلسطین میں امن کے قیام کی حمایت ہے۔
برطانیہ، فرانس اور ناروے سمیت اہم یورپی ممالک نے بورڈ کو اقوام متحدہ کی حیثیت چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیتےہوئے اس میں شمولیت سے انکار کردیا ہے۔
ابتدا میں تنقید کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم نے بھی بورڈ آف پیس کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔
میٹنگ کا ایجنڈہ ابھی سامنے نہیں لایا گیا تاہم امریکی میڈیا کے مطابق غزہ بورڈ کا قیام صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش غزہ ڈیل کے دوسرے حصے پر عمل قرار دیا گیا ہے جس میں حماس کو غیرمسلح کرنا اور غزہ کی تعمیر نو ہے۔