پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں عماد وسیم نے اپنی ذاتی زندگی، سابقہ شادی اور حالیہ نکاح سے متعلق پہلی بار تفصیلی مؤقف دیا۔
اپنے پیغام میں عماد وسیم نے کہا کہ ناکام شادی ان کی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک تھی، تاہم اسی رشتے سے انہیں ان کے بچوں جیسی سب سے بڑی نعمت ملی، جن سے ان کی محبت ہمیشہ قائم رہے گی۔
عماد وسیم کی اہلیہ سے طلاق کا کیس دائر کرنے کی تصدیق
پاکستانی آل راونڈر عماد وسیم نے اہلیہ سے طلاق کا کیس دائر کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ رشتے کو بچانے کی کوشش میں ضرورت سے زیادہ دیر تک رکے رہے اور کچھ فیصلے ایسے کیے جن پر انہیں افسوس ہے۔
ان کے مطابق ان کی خاموشی اور تاخیر کی وجہ سے ایک ’بے گناہ شخص‘ کو غیر منصفانہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں۔
عماد وسیم نے تصدیق کی کہ وہ اب انفلوئنسر نائیلہ راجہ سے شادی کر چکے ہیں اور یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تاکہ سکون، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی زندگی شروع کی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ نائلہ نے ان کی زندگی میں سکون اور حوصلہ پیدا کیا ہے اور وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔
عماد وسیم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ان کی اولین ترجیح ان کے بچے ہیں، مگر کوشش کے باوجود وہ اس وقت ان سے مل نہیں پا رہے۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بچوں کی زندگی میں مثبت اور فعال کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
آخر میں عماد وسیم نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی ذاتی زندگی کا احترام کیا جائے اور ہر معاملے کو عوامی بحث کا موضوع نہ بنایا جائے۔