|
|
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ امیشا پٹیل۔فوٹو: فائل
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ امیشا پٹیل نے اپنے خلاف جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ پر بیان جاری کیا اور کہا کہ میں اپنے کام پر توجہ دینے کو ترجیح دیتی ہوں۔
واضح رہے کہ اداکار راجپال یادیو ان دنوں چیک باؤنس کیس کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ اب اسی طرح کی صورتحال امیشا کو درپیش ہے۔
مرادآباد کی ایک عدالت نے امیشا پٹیل کے خلاف 2017 میں منعقد ہونے والے ایک ایونٹ سے متعلق چیک باؤنس اور معاہدہ کی خلاف ورزی کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ یہ وارنٹ اس وقت جاری کیا گیا جب امیشا کئی بار طلب کیے جانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والی 51 سالہ امیشا نے اس معاملے پر اب اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل کے ذریعے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا رپورٹس میں مرادآباد میں ایک شخص پَون ورما کی جانب سے بعض کارروائیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سب کو مطلع کرنا چاہتی ہوں کہ یہ ایک پرانا معاملہ ہے، جو کئی سال پہلے طے ہو چکا تھا، جس میں پوون ورما نے سیٹلمنٹ پر دستخط کیے تھے اور طے شدہ مکمل رقم وصول کر لی تھی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اس کے باوجود ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس نے جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے دوبارہ کارروائی شروع کر دی ہے۔ میرے وکلا اس شخص کے خلاف دھوکہ دہی کی مناسب فوجداری کارروائی شروع کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
- شادی کیوں نہیں کی اور کس شرط پر کرونگی؟ 50 سالہ امیشا پٹیل نے بتادیا
- فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر امیشا پٹیل اور سنی دیول کا ردِعمل
- امیشا پٹیل اور عمران عباس شادی کرنے والے ہیں؟
انھوں نے کہا کہ میں اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنے اور ان لوگوں کو نظرانداز کرنے کو ترجیح دیتی ہوں جو جھوٹے بہانوں سے توجہ حاصل کرنے کے لیے تماشہ بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 میں ایونٹ آرگنائزر پَون ورما نے امیشا پٹیل کو شادی کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے بک کیا اور انھیں ساڑھے 14 لاکھ روپے ایڈوانس دیے تھے، تاہم امیشا اس تقریب میں نہ جاسکیں اور انھوں نے آرگنائزر کو یقین دلایا تھا کہ وہ رقم واپس کر دینگی۔
اطلاعات کے مطابق انھوں نے دس لاکھ تو لوٹا دیے تاہم ساڑھے چار لاکھ کا ایک چیک باؤنس ہوا جس پر ان کے خلاف کیس داخل کیا گیا تھا۔ |
|