|
|
کراچی کے علاقے سولجر بازار میں دھماکے کےبعد گرنے والی عمارت نے کئی گھرانوں کی زندگیاں اُجاڑ دیں۔
سانحے میں 16 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ٹنڈو محمد خان کی تین سگی بہنیں بھی شامل تھیں۔ بہتر مستقبل کے خواب لیے یہ خاندان کراچی شہر آیا تھا، مگر ان کے خواب بھی ملبے تلے دب گئے۔
46 سالہ شہزادی لغاری کے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے، ایک ماں اپنی تینوں بیٹیوں کے بچھڑ جانے کے صدمے سے نڈھال ہے۔
متاثرہ خاندان غربت اور بیروزگاری سے تنگ آکر چند سال قبل روزگار کی تلاش میں کراچی منتقل ہوا تھا۔ گھر کا سربراہ انور لغاری رکشہ چلا کر گھر کا خرچ اٹھاتے تھے، جبکہ سات بچوں میں سے تین بیٹیاں گھروں میں کام کاج کر کے باپ کا ہاتھ بٹاتی تھیں۔
ان کے گاؤں میں ہر آنکھ اشکبار ہے۔ پڑوسی اور رشتہ دار افسردہ خاندان کو دلاسہ دے رہے ہیں۔
لواحقین حکومت اور مخیر حضرات سے اپیل کر رہے ہیں کہ متاثرہ خاندان کی فوری مالی اور انسانی بنیادوں پر مدد کی جائے تاکہ یہ گھرانہ اس سانحے کے بعد دوبارہ زندگی سنبھال سکے۔ |
|