|
|
روس میں بے روزگاری سے تنگ آئے ایک نوجوان نے سر پر چھت اور ایک وقت کی روٹی کے لیے انتہائی قدم اٹھا لیا۔
روسی میڈیا کے مطابق بشکورتستان کے ایک علاقے سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان نے ان مسائل سے نمٹنے کے لیے بم کی افواہ پھیلا کر خود کو کامیابی کے ساتھ گرفتار کروا لیا۔
ہائی اسکول سے گریجویٹ کرنے کے بعد نوجوان نے فوج میں خدمات انجام دیں اور حال ہی میں روسی شہر اوفا میں نوکری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن متعدد کوششوں کے بعد بھی ناکام رہا۔
رہنے کے لیے جگہ اور کھانے کے لیے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان نے خود کو جیل بھِجوانے کا ایک منصوبہ تیار کیا۔
گزشتہ برس اوفا میں نوکری کی تلاش میں تین روز گزارنے کے بعد وہ ایک ہوٹل میں گیا اور وہاں کے اسٹاف کو ڈرایا کہ اس کے بیگ میں بم ہے اور وہ اس جگہ کو اڑا دے گا۔ اس نے خود کو ایک کمرے میں بند کر لیا جس کے باوجود ہوتل اسٹاف نے اس کو سنجیدہ نہیں لیا۔ لہٰذا وہ کمرے کی کھڑکی سے کود کر ایئر پورٹ بھاگ نکلا۔
اس کی دوسری کوشش کامیاب رہی۔ اوفا ایئر پورٹ کے ٹرمینل کے بیچ اس نے اپنا بیگ اٹھایا اور چیخنے لگا کہ اس کے پاس بم ہے، کوئی اس کے قریب نہ آئے۔ ایئر پورٹ سیکیورٹی نے نوٹس کیا کہ بستے میں کوئی وائر یا بم ڈیٹونیٹر نہیں ہے، وہ اس کی جانب لپکے اور اس کو پولیس کے آنے تک پکڑے رکھا۔
نوجوان کے پاس سے کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور پوچھے جانے پر بتایا کہ اس نے ایسا قصداً کیا۔ نفسیاتی چیک اپ پر وہ بالکل ٹھیک معلوم ہوا۔ البتہ، اس کے منصوبے ک مطابق عدالت نے اس کو تین سال اور دو ماہ کے لیے قید کی سزا سنا دی۔ |
|