|
|
فوٹو: اسکرین گریب۔جیونیوز
سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں آپریشن نجات مہران میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرلی، سندھ کے سب سے بڑے ڈکیت ثنا اللّٰہ شر نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ سندھ کے سب سے بڑے ڈکیت ثنا اللّٰہ شر عرف ثنو شر سمیت 13 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے بڑے ڈکیٹ ثنا اللّٰہ شر نے سرینڈر کردیا ہے، سندھ حکومت نے اس پر 1 کروڑ روپے انعام مقرر کیا تھا۔
جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ ثنا اللّٰہ شر کی گرفتاری کے بعد اغوا برائے تاوان کا باب اختتام کو پہنچے گا، اس کے ساتھیوں نے بھی ہتھیار پھینکنا شروع کردیے ہیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکو ثنا اللّٰہ شر قبائلی تنازعات میں بھی ملوث تھا، وہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں آپریٹ کرتا تھا، جس کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ثنا اللّٰہ شر پر 100 سے زائد مقدمات درج تھے، وہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ |
|