|
|
تصویر سوشل میڈیا۔
اٹلی میں ایک شخص کو پکڑا گیا جس نے کچرا اٹھانے کی فیس سے بچنے کے لیے اپنے کتے کو ٹریننگ دی کہ وہ منہ میں کچرے کا تھیلہ اٹھا کر غیر مجاز مقامات پر پھینک دے۔
اطالوی حکام کے مطابق اس شخص پر اپنے پالتو کتے کے ذریعے سڑک کنارے غیر قانونی طور پر کچرا پھنکوانے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اس حوالے بتایا جاتا ہے کہ اٹلی کے جزیرہ سسلی کے شہر قطانیہ کی انتظامیہ نے حال ہی میں بلدیہ کے سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کی گئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کتا اپنے منہ میں پلاسٹک کے کچرے کے تھیلے اٹھائے سڑک کے کنارے پھینک رہا ہے اور پھر واپس اسی سمت لوٹ جاتا ہے جہاں سے آیا تھا۔
پولیس نے بعد ازاں اس کتے کی شناخت کر لی اور غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے کے لیے اسے استعمال کرنے پر اس کے مالک پر جرمانہ عائد کر دیا۔
اطالوی حکام کا کہنا تھا کہ یہ رویہ نہ صرف عیارانہ ہے بلکہ دہرا اور غیر منصفانہ بھی ہے، کیونکہ یہ شہر کو گندا کرنے کے ساتھ ساتھ قوانین سے بچنے کی کوشش بھی ہے اور اس مقصد کے لیے ایک جانور کو استعمال کیا جا رہا تھا۔ شہری آداب اور ماحول کا احترام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
اٹلی کے قانون کے مطابق غیر قانونی طور پر کچرا پھینکتے ہوئے پکڑے جانے والے افراد پر 1500 یورو (1770 ڈالر) سے لے کر 18000 یورو (21220 ڈالر) تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، لیکن اس میں کتوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ |
|