پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف فنکار، سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو اور اداکار فہد مصطفیٰ کے درمیان جاری تلخ جملوں کا تبادلہ تھم گیا، دونوں فنکاروں نے ایک دوسرے سے معافی مانگ لی۔
نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے لائیو گیم شو کے دوران پروگرام کے میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ نے اپنے متنازع بیان پر سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو سے باقاعدہ معذرت کر لی۔
پروگرام کے دوران فہد مصطفیٰ نے براہِ راست عتیقہ اوڈھو کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے سابقہ طنزیہ جواب پر افسوس کا اظہار کیا، جو سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کا باعث بنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عتیقہ آپا، آپ ہماری سینئر ہیں، ہم سب آپ سے محبت کرتے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ پاکستان کی خوبصورت ترین خواتین میں سے ایک ہیں۔ آپ کے سامنے میں خود کو عاجز محسوس کرتا ہوں۔ اللّٰہ آپ کو خوش رکھے۔ میں آپ سے معذرت چاہتا ہوں۔
دوسری جانب عتیقہ اوڈھو بھی اس سے قبل سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ سے معافی مانگ چکی تھیں اور معاملے کو ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ فہد ایک باصلاحیت اور محنتی پروفیشنل ہیں۔ انہوں نے جذباتی ردعمل دیا اور مجھے افسوس ہے کہ عوامی شخصیات ہلکی پھلکی بات بھی کریں تو تنقید کا نشانہ بن جاتی ہیں۔ اگر میں نے غیر ارادی طور پر انہیں یا کسی اور کو دُکھ پہنچایا تو میں معذرت خواہ ہوں۔ آئیے درگزر کریں اور آگے بڑھیں، ہم سب انسان ہیں اور انسان خطا کا پتلا ہے۔
آپ 2، 4 سرجریز کروا لیں، آپکے ساتھ ہیرو آئیں گے، فہد مصطفیٰ کا عتیقہ اوڈھو کو طنزیہ جواب
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے ہم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کے مشورے پر ساتھی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کو کرارا جواب دے دیا۔
واضح رہے کہ دونوں فنکاروں کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب عتیقہ اوڈھو نے انٹرویو کے دوران فہد مصطفیٰ کو اپنی عمر کی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے طنزیہ انداز اپنایا، جسے ناصرف شوبز شخصیات بلکہ ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی ناپسند کیا۔