|
|
پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ سمعیہ حسن کا کہنا ہے کہ امریکا کے سنیما میں دی لیجنڈ آف مولاجٹ دیکھی، تو فواد خان اور ماہرہ خان کی فین ہوگئی تھی۔
جنگ ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے امریکی اداکارہ کا کہنا تھا کہ نامور ہدایتکار ندیم بیگ میرے مینٹور ہیں، ان کے پروجیکٹ میں کام کرنے پاکستان آئی ہوں، اس پروجیکٹ میں میرے ساتھ نامور فلم اسٹار کبریٰ خان اور شجاع حیدر بھی مختلف کردار میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں امریکا میں رہتی ہوں، لیکن میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے۔ پاکستان کے کلچر کو امریکا میں بہت یاد کرتی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں سمعیہ حسن نے کہا کہ امریکا میں زیادہ بالی ووڈ کی فلموں کو پسند کیا جاتا ہے، لیکن پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراما بہت مقبول ہے۔ میں نے ڈراما کیس نمبر 9 دیکھا، اس میں صبا قمر کی اداکاری کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔
ایک اور سوال کے جواب میں امریکی اداکارہ سمعیہ حسن نے بتایا کہ میں پاکستان میں ایسے ڈرامے پروڈیوس کرنا چاہتی ہوں، جس میں عورتوں کو طاقتور دکھایا جائے اور پاکستانی شاندار کلچر کو نمایاں کیا جائے۔
سمعیہ حسن نے بتایا کہ امریکا میں شاہ رخ خان سے ملاقات رہی۔ استاد راحت فتح علی خان، عاطف اسلم، اسٹرنگز اور جل بینڈ کے کنسرٹس بھی انجوائے کیے۔
سمعیہ حسن کا کہنا تھا کہ مجھے سفر کرنے کا بہت شوق ہے، دنیا کے کئی ممالک گھوم چکی ہوں۔ |
|