ٹی وی ڈرامہ کے معروف اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ جب بھی میرے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، ہماری زندگی میں برکتوں میں اضافہ ہوا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے مقبول ترین جوڑوں میں شمار ہونے والے منیب بٹ اور ایمن خان کم عمری میں شادی کے بندھن میں بندھے اور آج 3 بیٹیوں کے والدین ہیں۔
دونوں فنکاروں نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور اپنے کیریئر سے بڑھ کر خاندان کو ترجیح دی۔
حال ہی میں ان کے ہاں تیسری بیٹی کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد منیب بٹ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی خوشی اور اظہار تشکر کیا۔
منیب بٹ نے بتایا کہ میری تینوں بیٹیوں کی عمروں میں تقریباً ڈھائی سال کا فرق ہے، اگرچہ شوبز سے وابستہ کئی جوڑے بچوں کے درمیان طویل وقفہ رکھتے ہیں، تاہم ہم نے ایسا کوئی خاص منصوبہ نہیں بنایا تھا بلکہ سب کچھ قدرتی طور پر ہوتا گیا۔
میری بیٹیاں میری زندگی کی برکت ہیں:منیب بٹ
منیب نے بتایا کہ میری بیٹیوں نے میری زندگی بدل دی ہے، ہر بیٹی کے آنے کے بعد اللہ نے مجھے ترقی دی
ان کا کہنا ہے کہ بعض لوگ مالی استحکام کے پیش نظر بچوں میں زیادہ وقفہ رکھتے ہیں تاکہ وہ بہتر انداز میں ذمہ داریاں نبھا سکیں اور میں خود بھی اس بات کو سمجھتا ہوں۔
منیب بٹ نے مزید کہا کہ مجھے پہلے ہی اندازہ تھا کہ ہماری تیسری اولاد بھی بیٹی ہوگی، جب بھی میرے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، ہماری زندگی میں برکتوں میں اضافہ ہوا، اسی لیے میں نے اہلیہ کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ تیسری اولاد بھی بیٹی ہی ہوگی کیونکہ برکتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔