پاکستانی معروف اداکار فیصل قریشی نے ساتھی سینئر فنکار نعمان اعجاز کے میک اپ کے استعمال سے متعلق بیان پر لب کشائی کر دی۔
فیصل قریشی ان دنوں نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں، جہاں وہ اکثر شوبز انڈسٹری سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا تھا کہ میں فیصل قریشی یا ہمایوں سعید نہیں ہوں جو ڈراموں میں میک اپ کا استعمال کروں، میری توجہ اپنے کردار پر ہوتی ہے۔
میں فیصل قریشی یا ہمایوں سعید نہیں، جو مجھے میک اپ کی ضرورت پیش آئے: نعمان اعجاز
پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ اپنی ظاہری شکل و صورت کے بجائے اپنے کردار کو مؤثر انداز میں پیش کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔
نعمان اعجاز کے مذکورہ بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی تھی، تاہم اب فیصل قریشی نے اس حوالے سے اپنے پروگرام میں بات کی۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ اگر نعمان اعجاز نے ایسا کہا بھی ہے تو کوئی بات نہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ ان کا مقصد ہمیں طعنہ دینا تھا۔ شاید وہ یہ کہنا چاہتے تھے کہ وہ (نعمان اعجاز) کردار نگاری پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، اس لیے انہیں میک اپ کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کا مقصد ہمیں کمتر دکھانا نہیں تھا۔ میرا خیال ہے وہ یہ بتانا چاہتے تھے کہ میں اور ہمایوں ہیرو کے کردار ادا کرتے ہیں جبکہ وہ زیادہ تر کریکٹر رولز پر توجہ دیتے ہیں۔
اداکار کے مطابق ادھوری بات ہمیشہ بحث کو جنم دیتی ہے، اس لیے بات مکمل کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویسے بھی نعمان اعجاز ایک خوبرو شخصیت کے مالک ہیں، انہیں میک اپ کی ضرورت نہیں۔ سوشل میڈیا اکثر بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، اس معاملے کو نظرانداز بھی کیا جا سکتا تھا۔