|
|
تصویر سوشل میڈیا۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان نے بھارت کو دوٹوک جواب دے دیا۔ پاکستانی سفارت کار عدیل ممتاز کھوکھر نے بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا۔
عدیل ممتاز نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، یکطرفہ اقدامات، آبادی کا تناسب بدلنے یا انتخابی انجینئرنگ سے کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار ممکن نہیں، کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں اقوام متحدہ کے ریکارڈ پر ہیں۔
پاکستانی سفارت کار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جبری گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں اور مواصلاتی بلیک آؤٹس پر پاکستان کو تشویش ہے۔
انہوں نے بھارت کی پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں اور بیرونِ ملک کارروائیوں پر جوابدہی کا مطالبہ کیا۔ عدیل ممتاز کھوکھر نے کہا عالمی برادری بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر مجبور کرے۔ |
|