|
|
چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر(فائل فوٹو)۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات میں انتظامی اور تدریسی عہدوں پر تقرریوں میں طویل تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل 15 اگست 2026 تک مکمل کریں۔
ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی جانب سے جاری کردہ گشتی مراسلے میں وائس چانسلرز/ریکٹرز/ انسٹیٹیوٹس کے سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ پرو وائس چانسلر، ڈین، رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات، خزانچی سمیت اساتذہ کے عہدوں لیکچررز، اسسٹنٹ پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور پروفیسر کے عہدوں پر بروقت تقرری نہ ہونے کے باعث جامعات کو تعلیمی تسلسل، تحقیق، انتظامی فیصلوں اور طلبہ کی معاونت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مراسلے کے مطابق ایک حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک کی جامعات میں تقریباً 40 فیصد انتظامی اور تدریسی آسامیاں اس وقت خالی ہیں۔ ایچ ای سی نے اس صورتحال کو اعلیٰ تعلیم کے نظام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام جامعات اپنے اپنے قوانین کے مطابق شفاف، میرٹ پر مبنی اور بروقت تقرری کا عمل یقینی بنائیں۔
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ زیر التوا بھرتیوں کو فوری طور پر نمٹایا جائے، جہاں ضرورت ہو وہاں نئے عہدوں کی تخلیق کے اقدامات کیے جائیں اور کسی بھی اہل امیدوار کو محض انتظامی سستی یا تاخیر کے باعث تقرری سے محروم نہ رکھا جائے۔
مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ اداروں کے خلاف انتظامی اور ضابطہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ |
|