پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان بنگلادیش کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے۔
وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف شاندار اننگز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے باعث انہیں دورۂ بنگلادیش سے دستبردار ہونا پڑا۔
فخر زمان مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیبلیٹیشن پروگرام کریں گے تاکہ جلد از جلد ٹیم کو دستیاب ہو سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم رواں ماہ بنگلادیش کا دورہ کرے گی، جس میں 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، قومی ون ڈے اسکواڈ 9 مارچ کو ڈھاکا پہنچے گا جبکہ 10 مارچ کو پریکٹس سیشن ہو گا۔
فخر زمان کے غلط آؤٹ پر ہنگامہ،’ناٹ آؤٹ‘ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے تھرڈ امپائر کے فیصلے نے تنازع کھڑا کر دیا
جس کے بعد پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 15 مارچ کو کھیلا جائے گا اور یہ تمام میچز شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے یہ جولائی 2025ء کے بعد پاکستان کا بنگلا دیش کا دوسرا دورہ ہو گا، اس سے قبل کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلادیش نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم مئی اور جون 2025ء میں بنگلادیش کے دورہ پاکستان کے دوران قومی ٹیم نے کپتان سلمان علی آغا کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی سیریز 3-0 سے اپنے نام کی تھی۔
مزید برآں مضبوط ٹیم کی تشکیل کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مسلسل ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بابر اعظم، صائم ایوب اور محمد نواز کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے، حتمی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔