|
|
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب(فائل فوٹو)۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیر صدارت پٹرول مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے ذخائر تسلی بخش قرار دیے گئے۔
وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی توانائی صورتحال پر روزانہ بنیادوں پر نگرانی جاری ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے اس موقع پر پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ روکنے کی ہدایت کی۔
انھوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال پر قریبی نظر ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پٹرول، ڈیزل،ایل پی جی اور فضائی ایندھن کے ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ایل این جی اور ایل پی جی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے متبادل منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دوست ممالک سے اضافی خام تیل کی فراہمی کے لیے رابطے جاری ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں توانائی کے محتاط استعمال پر زور دیا گیا، اجلاس میں قومی تیاری مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ |
|