پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سوشل میڈیا پوسٹ کے جواب میں ان کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنی پوسٹ میں تلخ جملوں کا استعمال کیا ہے۔
پاکستانی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان سوشل میڈیا پر ایک بار پھر تلخ جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا ہے، دونوں نے 6 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد حال ہی میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ثانیہ اشفاق اس وقت اپنے 3 بچوں کی تنہا پرورش کر رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بچوں کو ان کے والد کی جانب سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں عماد وسیم نے اپنی بیٹی عنایہ کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میری بیٹی کو سالگرہ مبارک، بابا تم سے بہت محبت کرتے ہیں۔
اس پوسٹ کے جواب میں ثانیہ اشفاق نے بھی اپنی بیٹی کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے سخت الفاظ میں ردِعمل دیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ میری خوبصورت بیٹی کو پانچویں سالگرہ مبارک، تم ایک ایسے بچپن کی حق دار ہو جو محبت، تحفظ اور استحکام سے بھرا ہو، یہ دیکھنا تکلیف دہ ہے کہ سوشل میڈیا پر بابا تم سے بہت محبت کرتے ہیں جیسے پیغامات دیے جاتے ہیں، جبکہ نجی طور پر اداروں کو کہا جا رہا ہے کہ بچوں اور ان کی ماں کو بے گھروں کی پناہ گاہ میں بھیج دیا جائے کیونکہ مالی مدد بند کی جا رہی ہے۔
ثانیہ اشفاق نے عماد وسیم کی واٹس ایپ چیٹس شیئر کر دیں
ثانیہ اشفاق نے گزشتہ روز ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی۔
ثانیہ اشفاق نے مزید لکھا ہے کہ بچوں کو صرف سوشل میڈیا پر کہے گئے الفاظ نہیں بلکہ حقیقی زندگی میں تحفظ، سچائی اور ذمے داری کی ضرورت ہوتی ہے، چاہے کچھ بھی ہو، ماں ہمیشہ تمہاری حفاظت کرے گی اور تمہیں ہر دن محفوظ اور محبت بھرا احساس دلائے گی۔
سوشل میڈیا پر اس معاملے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد ثانیہ اشفاق کے حق میں سامنے آ گئی، متعدد صارفین نے ان کی بیٹی عنایہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی اور ثانیہ اشفاق کی ہمت کی تعریف کی ہے۔