ایران کی پاسداران انقلاب نے امریکی جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب نے ایران کے جنوب مغربی علاقے میں ایک امریکی جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔
پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرو اسپیس فورس کے نئے فضائی دفاعی نظام نے بدھ کی علی الصبح ایک امریکی F-15E Strike Eagle کو نشانہ بنایا۔
ایرانی حکام کے مطابق دو نشستوں والا یہ ملٹی رول اسٹرائیک فائٹر طیارہ ایران کی جنوب مغربی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
ایران کا کویت، بحرین اور یو اے ای میں 20 امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا ہے کہ خلیج فارس کے شمالی حصے میں آج صبح ایک امریکی آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے، حملے کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای، سینئر فوجی کمانڈروں اور شہریوں کے قتل کے بعد ایران کے خلاف وسیع فوجی مہم شروع کی تھی۔
ایران کا کہنا ہے کہ اس مہم کے دوران فوجی اور شہری دونوں مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور تباہی ہوئی۔
اس کے جواب میں ایرانی مسلح افواج نے جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کے اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جن میں اسرائیلی زیرِ قبضہ علاقوں اور خطے کے دیگر ممالک میں موجود اہداف شامل ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کا سخت جواب ہیں۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔