|
|
تصویر سوشل میڈیا۔
روس میں ایک شخص تین سال تک اپنے گھر سے کسی کام کے لیے باہر چلا گیا اور اس دوران وہ گھر کی کھڑکی کھلی چھوڑ گیا، جب وہ واپس آیا تو دیکھا کہ اس کے اپارٹمنٹ پر کبوتروں کا قبضہ ہوگیا ہے۔
اس موقع پر اس نے دیکھا کہ پورا گھر کبوتروں کے فضلے اور پروں کی موٹی تہہ سے ڈھکا ہوا تھا۔
روسی میڈیا کے مطابق کانکنی کے لیے مشہور روسی شہر وورکوتا کے ایک درمیانی عمر کے شخص نے حال ہی میں اپنے اپارٹمنٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔
اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ درجنوں کبوتر فرنیچر پر اس طرح قطار میں بیٹھے نظر آئے جیسے وہی اس گھر کے مالک ہوں، جبکہ پورا فرش کبوتروں کے فضلے اور پروں سے بھرا ہوا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق یہ شخص تین سال پہلے کام کے سلسلے میں سائبیریا چلا گیا تھا، لیکن جاتے وقت وہ اپارٹمنٹ کی ایک کھڑکی بند کرنا بھول گیا۔ بس یہی وہ غلطی تھی جس کا اسے اب خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، موقع سے فائدہ اٹھا کر کبوتروں نے گھر میں گھونسلہ بنالیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اپارٹمنٹ کبوتروں کے مسکن میں تبدیل ہوگیا۔
اس تباہ شدہ اپارٹمنٹ کی ویڈیو روسی سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور اس پر ہر طرح کے مزاحیہ تبصرے ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اپارٹمنٹ کی مرمت اور تمام فرنیچر کو تبدیل کرنے کی لاگت تقریباً 15 سے 20 لاکھ روبل تک ہو سکتی ہے، جو موجودہ مارکیٹ میں اس جگہ کی تقریباً اتنی ہی قیمت بنتی ہے۔
اب اگر وہ یہ فیصلہ بھی کر لے کہ اس کی مرمت کرنا فائدہ مند ہے، تو اسے اس جگہ کو دوبارہ محفوظ اور رہنے کے قابل بنانے کے اخراجات بھی مدِنظر رکھنے ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق کبوتر مختلف بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں، جن میں برڈ فلو اور پسٹاکوسِس شامل ہیں۔ |
|