|
|
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
ہالی ووڈ اداکار اور فلم ساز بین اسٹلر نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران پر حملوں کی ویڈیو میں ان کی فلم کا کلپ استعمال کرنے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 42 سیکنڈ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس کا کیپشن تھا ’جسٹس دی امیریکن وے‘ (Justice the American way)، اس ویڈیو میں حقیقی فوجی حملوں کی فوٹیج کے ساتھ ہالی ووڈ فلموں اور ویڈیو گیمز کے مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔
ویڈیو میں آئرن مین، ٹاپ گن، بریو ہارٹ، گلیڈی ایٹر، بریکنگ بیڈ اور جوہن وِک کے مناظر دکھائے گئے جبکہ اصل امریکی فوجی حملوں کی ویڈیوز بھی شامل کی گئیں۔
اسی ویڈیو میں 2008ء کی طنزیہ فلم ’ٹراپک تھنڈر‘ کا ایک کلپ بھی شامل تھا جس پر بین اسٹلر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ’ہم نے اس کی اجازت نہیں دی اور نہ ہی ہم کسی پروپیگنڈا مہم کا حصہ بننا چاہتے ہیں، جنگ کوئی فلم نہیں ہے۔‘
رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی بریفنگ کا مختصر کلپ بھی شامل کیا گیا جبکہ ایک منظر میں فلم ٹرانسفارمرز کا سی جی آئی کردار بھی دکھایا گیا۔
اس کے علاوہ ایک اور پوسٹ میں وائٹ ہاؤس نے ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ کا ایک مشہور اور نامناسب ڈائیلاگ استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملوں کی فوٹیج شامل کی ہے۔ |
|