کراچی میں کل (21 رمضان المبارک) کو یومِ شہادتِ حضرت علی ؓ کے مرکزی جلوس کا سیکیورٹی پلان پولیس نے تیار کر لیا۔
کراچی پولیس چیف کے مطابق 21 رمضان المبارک کو یوم علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس کے روٹس پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
جلوس کی سیکیورٹی پر 142 لیڈی اہلکاروں سمیت 5 ہزار 213 پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔
یوم شہادت حضرت علیؓ پر ملک کے مختلف شہروں میں جلوس برآمد ہوں گے
کمشنر کراچی کی جانب سے یوم علی کے موقع پر شہر میں دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ جلوس کے روٹس پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے جن میں روٹ سیلنگ، اسنیپ چیکنگ، سی سی ٹی وی نگرانی شامل ہے جبکہ بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات ہوں گے۔
ایڈیشنل آئی جی نے بتایا ہے کہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ اہم اسپتالوں میں بھی پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔